پٹنہ ، 5 ؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )موتیہاری ریلوے اسٹیشن پر بم لگا کر ریل کو اڑانے کی سازش رچنے کے ا لزام میں گرفتارتین مبینہ دہشت گردوں کو این آئی اے نے آج 11 دن کے ریمانڈ پر لے کر پھر سے پوچھ گچھ شروع کی۔ ریلوے اسٹیشن میں بم لگانے کے معاملے میں ان تینوں دہشت گردوں موتی لال پاسوان، مکیش یادو اور شنکر پٹیل کو این آئی اے نے جمعہ کے دن خاص این آئی اے عدالت میں پیش کیا تھا۔ سماعت کے بعد عدالت نے ان تینوں کو 14 دن کی عدالتی حراست پر بھیج دیا۔ہفتہ کو این آئی اے نے عدالت میں درخواست دے کران تینوں مشتبہ دہشت گردوں کو ریمانڈ پر لینے کی مانگ کی تھی جس کے بعد عدالت نے ان تینوں کوتحقیقات کے لئے این آئی اے کے حوالے کر دیا۔ غور طلب ہے کہ ان تینوں مشتبہ دہشت گردوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا تھا کہ کانپور کے پاس 20 نومبر کو اندور پٹنہ ایکسپریس ریل حادثے میں ان تینوں کا ہاتھ تھا۔ اس حادثے میں تقریباََََ50 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ این آئی اے ان تینوں مشتبہ دہشت گردوں کو کانپور ریل حادثے میں تحقیقات کو آگے بڑھانے کیلئے جلد اتر پردیش بھی لے جائے گی۔